Friday, 29 November 2013

مکمل اردو لینکس، پاک لینکس


اردو ہماری قومی زبان ہے جس سے ہم سب کو ہی محبت ہے۔ لیکن یہ محبت کس حد تک ہے یہ ہم ہی جانتے ہیں کیونکہ ہم میں سے ہر ایک کا اردو سے محبت کا میعار الگ الگ ہے۔ کچھ بے چارے اردو سے محبت بھی انگریزی میں ہی کرتے ہیں۔ کیونکہ اردو زبان بولتے وقت انہیں دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچھ بس درمیانی قِسم کی محبت کرتے ہیں۔ یعنی اردو سے محبت بھی چل رہی ہے اور انگریزی سیکھنے کا شوق بھی بڑھ رہا ہے۔ لیکن انہی ہم وطنوں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو صرف اردو سے ہی محبت کرتے ہیں اور سچی اور کھری محبت کرتے ہیں۔ یہی وہ ہم وطن ہیں جو ہروقت اردو کی ترقی کے لیے کوشش کرتے ہیں لیکن ان کی قومی سطح پر پذیرائی نہیں ہوتی۔ اس کے باوجود بھی یہ ہم وطن دل شکستہ نہیں ہوتے بلکہ مسلسل کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ قوم انگریزی زبان کی مشکل سے نکلے اور اپنی زبان میں ہی علم حاصل کرے اور سمجھے۔ کیونکہ جو بات  اپنی قومی زبان میں جس طرح سے نہایت آسانی سے ذہن نشین ہوتی ہے وہ کبھی بھی دوسری زبان میں اتنی آسانی سے ذہن نشین نہیں ہوتی۔

پاک لینکس کا منصوبہ بھی کچھ ایسے ہی ہم وطنوں کا خواب تھا جو کہ اب شرمندۂِ تعبیر ہوچکا ہے۔ بس ہماری اپنی زبان سے کچھ کم دلچسپی سمجھیے یا غفلت کہ ہمیں کچھ دیر بعد معلوم ہوا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ معلوم ہوگیا۔ آج ہم بھی اپنے ان ہم وطنوں کے شکر گزار ہو کر اور ان کے ساتھ مل کر فخر کے ساتھ سر بلند کرسکتے ہیں کہ کمپیوٹر چلانے والا کوئی نظام (آپریٹنگ سسٹم) ہماری اپنی زبان میں بھی موجود ہے۔ جسے ہم نہایت آسانی کے ساتھ سمجھ سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ آزاد مصدر ہونے وجہ سے ہم اپنی مرضی سے اس میں جیسی چاہیں تبدیلی کر سکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کی ونڈوز کی طرح اس میں ایسی کوئی پابندی نہیں۔ سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ سارا نظام مفت ہے یعنی اس کی کوئی قیمت نہیں۔ جو کہ ہمارے پاکستانی ہم وطنوں کی پاکستان اور اردو سے محبت کو ظاہر کرتی ہے۔

*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-*

اب بات ہو جائے کچھ اس نظام (آپریٹنگ سسٹم) یعنی پاک لینکس کے متعلق:-

پاک لینکس ایک مکمل، جدید اور وائرس سے محفوظ (Virus-Free) اردو آپریٹنگ سسٹم ہے جو لینکس پر مبنی ہے، یہ سوفٹ ویئر کا ایک مجموعہ ہے جو آپ کے کمپیوٹر کو استعمال کے قابل بناتا ہے. عموماً آپ کو پاک لینکس کو چلانے کے لیے اسے نصب (انسٹال) کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ اسے سی ڈی سے بوٹ کر کے براہ راست چلا سکتے ہیں اور پھر اگر چاہیں تو اسے اپنے کمپیوٹر پر بالکل الگ یا کسی اور آپریٹنگ سسٹم جیسے مائکروسوفٹ ونڈوز کے ساتھ نصب کر کے چلا سکتے ہیں، اس میں آپ کے روز مرہ کے استعمال کے تمام سوفٹ ویئر پہلے سے ہی نصب ہیں جیسے ویب براؤزر، ورڈ پراسیسر، سپریڈ شیٹ، مسنجر، ای میل کلائینٹ، ڈاؤنلوڈ منیجر، ٹیکسٹ ایڈیٹر، امیج ایڈیٹر، ایڈریس بک، ویڈیو پلیئر، آڈیو پلیئر، ویڈیو ایڈیٹر اور روز مرہ استعمال کے کئی دیگر سوفٹ ویئر جبکہ ہزاروں مزید سوفٹ ویئر صرف ایک کلک پر نصب کیے جا سکتے ہیں. پاک لینکس آپریٹنگ سسٹم آپ کے لیے بالکل مفت پیش کیا جاتا ہے. 


لیلائے اردو اب فقط لذتِ گفتار اور لبِ رخسار کے تذکروں تک ہی محدود نہیں رہی ہے، اس میں صرف شاعری ہی نہیں کی جاسکتی، صرف افسانے یا فلسفیانہ موشگافیاں ہی نہیں کی جاسکتیں، اس میں کمپیوٹنگ بھی کی جاسکتی ہے!! جی ہاں.. اردو دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے کئی منزلیں طے کر چکی ہے اور پاک لینکس اس کی ایک زندہ مثال ہے، اسے نصب کر کے آپ دیکھیں گے کہ کس طرح آپ کا کمپیوٹر آپ کی اپنی زبان بولتا ہے، پاک لینکس پہلا لینکس آپریٹنگ سسٹم ہے جو خاص طور سے اردو کو مدِ نظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، یہ نہ صرف مکمل طور پر اردو میں ہے بلکہ اس میں آپ کو اردو کے حوالے سے کسی قسم کے مسائل درپیش نہیں ہوں گے، اردو لکھنے کے لیے اردو کلیدی تختہ (کیبورڈ) پہلے سے ہی آپ کا منتظر ہے، اردو کے اہم ترین فونٹس پہلے ہی نصب ہیں چنانچہ آپ نہ صرف نستعلیقی اردو میں لکھ سکیں گے بلکہ اردو کی ویب سائٹس کو ان کی اصل نستعلیقی صورت میں دیکھنے کے قابل ہوں گے.. پاک لینکس کے ساتھ اب حقیقی اردو کمپیوٹنگ آپ کی منتظر ہے!!

آپ چاہیں تو اسے انٹرنیٹ سے اتار کر اپنے کمپیوٹر میں نصب (انسٹال) کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کو انٹرنیٹ سے اتارنے میں مشکل ہورہی ہے اور آپ ساہیوال سے تعلق رکھتے ہیں تو 6600676-0311 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اگر کسی دوسرے شہر سے تعلق رکھتے ہیں تو اردو کوڈر کے فورم پر جا کر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اردو کوڈر فورم کا ربط نیچے دیا گیا ہے۔

 پاک لینکس اتارنے (ڈاؤنلوڈ) اور نصب (انسٹال) کرنے کے لیے نیچے دیے گئے پاک لینکس کے بینر پر کلک کریں۔

پاک لینکس اتارنے کا ربط

 اگر آپ کو پاک لینکس کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا ہے تو نیچے دیے گئے اشتہار پر کلک کرکے اردو کوڈر کے فورم پر جائیں اور اپنی مشکلات پوچھیں۔یا براہ راست ہمیں onlineilmkidunya@gmail.com پر ای-میل کریں۔ انشاءاللہ آپ کے تمام سوالات کا جواب دیا جائے گا۔

پاک لینکس کی مشکلات کے لیے ربط

پاکستان زندہ باد  ۔   پاک لینکس پائندہ باد

1 comment:

  1. آپ لینکس انسٹال کرنے کے لیے میری اردو میں ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور اسے کیسے استعمال کرنا ہے اسکی ویڈیو بھی دستیاب ہے

    ReplyDelete

Please leave a comment to better of OnlineILMkiDunya. Thanks!